ایمان مزاری کیخلاف مقدمات کی تفصیلات طلب، سماعت پیر4 ستمبر تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ کوآئندہ سماعت تک صوبوں سے درج ایمان مزاری کیخلاف مقدمات کی تفصیل لے کرآگاہ کرنے کی ہدایت کردی ۔

ایمان مزاری کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی اورحفاظتی ضمانت کی درخواست پرسماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔

شیریں مزاری، وکلاء اوروزارت داخلہ کے حکام پیش ہوئے۔

عدالتی استفسارپروزارت داخلہ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایمان مزاری کیخلاف ایک مقدمہ درج ہے ، وفاقی حکومت ایسے معاملات میں صوبوں کوحکم نہیں دے سکتی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کیسی بات کر رہے ہیں ؟ ہم نے صرف معلومات حاصل کرنے کے لیے کہا ہے ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے آرڈر دیر سے موصول ہونے پر مہلت کی استدعا کی ۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ کوکیا کہنا چاہیے تھا کیا نہیں کہنا چاہیے، میں اس متعلق کچھ نہیں کہوں گا۔

انہوں نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا سیکرٹری داخلہ کوبتائیں کہ ایمان مزاری کیس میں کورٹ آرڈرکیا ہے ؟ سیکریٹری داخلہ ،آئی جی اورایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ 20 اگست کے بعد کسی وقوعہ میں ایمان مزاری کوآئندہ سماعت تک گرفتارنہ کیا جائے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر4 ستمبر تک ملتوی کردی ۔