ایران: کوئلے کی کان میں دھماکہ، 6 کان کن جاں بحق

تہران: ایران میں کوئلے کی کان دھماکے کے بعد بیٹھ گئی جس میں متعدد کان کن دب گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے شہر دامغان کے دور دراز علاقے میں واقع کوئلے کی کان میں 400 میٹر کی گہرائی پر نامعلوم وجوہات کے باعث زور دار دھماکا ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں کان بیٹھ گئی۔ کان کن 24 گھنٹے تک ملبے تلے دبے رہے اور بغیر امداد ملے 6 کان کن ہلاک ہوگئے۔ ایک دن بعد ملبے سے 6 کان کنوں کی لاشیں نکالی گئیں۔


کوئلے کی کان میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے جو غیر قانونی طور پر قائم کی گئی تھی۔ کان کی ملکیت کے حوالے سے کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔

یاد رہے کہ ایران میں کان کے حادثات عام ہیں اور 2017 میں بھی ایک کان میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 43 کان کن ہلاک ہوگئے تھے۔