کراچی کے علاقے گلشن حدید میں واقع نجی اسکول کے پرنسپل کو پولیس نے خواتین سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے، آئی جی سندھ رفعت مختار نے ایس ایس پی ملیر سے واقعے پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدار اور شفاف انکوائری کو یقینی بناتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ایس ایس پی ملیر حسن سردار نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ ملزم پر 25 سے زائد اساتذہ، عملے اور دیگر خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون میں درجنوں فحش ویڈیوز موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کے خلاف ماضی میں بھی کئی شکایات درج کی گئی تھیں۔ ملزم کو علاقہ مکینوں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکول پرنسپل کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔