چترال، سرحد پار سے حملہ، پاک فوج کے 4جوان شہید، 12دہشتگرد ہلاک

چترال کے علاقے کیلاش میں پاک افغان سرحد  پر  دہشت گردوں  کی جانب سے 2 فوجی چوکیوں  پر  حملہ کیا گیا جس میں  پاک فوج کے 4  بہادر  جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی بڑی تعداد نے جدید اسلحے کے ساتھ فوجی چوکیوں پر حملہ کیا، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو مؤثر اور بروقت جواب دیا، سکیورٹی فورسز  اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق  سکیورٹی فورسز نے حملہ پسپا کرکے دہشت گردوں کو  بھاری جانی نقصان پہنچایا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے اور 12 دہشت گرد ہلاک جب کہ بڑی تعداد میں شدید  زخمی بھی ہوئے۔

 آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ افغان صوبوں نورستان اور کنڑ میں دہشت گردوں کی نقل وحرکت سے افغان عبوری حکومت کو بروقت آگاہ کیا گیا تھا، امید  ہےکہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرےگی اور  پاکستان کےخلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین  استعمال کرنے نہیں دے گی۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز  دہشت گردی کے خاتمےکے لیے پرعزم ہیں، فوجی جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خطرے کے انتباہ کے باعث چیک  پوسٹیں  پہلے ہی چوکس تھیں، ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمےکے لیے علاقے میں کلیئرنس  آپریشن کیا جا رہا ہے۔