پشاور، تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے 460 ملزمان گرفتار

پشاور  پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے 460 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی پولیس لائنز کاشف آفتاب عباسی نے پشاور میں منشیات سے متعلق پریس کانفرنس میں کہا کہ تعلیمی اداروں کے اردگرد منشیات سپلائی کی جاتی ہے، طلبا کو منشیات سے بچانے کی خاطر پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران پشاور میں اب تک 15 دنوں کے دوران منشیات فروشی کے 401 مقدمات درج کیے گئے ہیں جب کہ منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث 460 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کاشف آفتاب عباسی نے بتایا کہ ملزمان تعلیمی اداروں میں نشےکی گولیاں سپلائی کرتے تھے اور ان کا پورا نیٹ ورک ہے،گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔