تیز رفتار واٹر ٹینکر شہریوں پر چڑھ دوڑا، 2 افراد جاں بحق، دو زخمی

  کراچی: کورنگی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر فٹ پر کھڑے شہریوں پر چڑھ دوڑا ، 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

کورنگی سنگر چورنگی کے قریب فٹ پاتھ پر کھڑے افراد پر تیز رفتار واٹر ٹینکر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں 50 سالہ سعید اور 30 سالہ سلیم جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افراد عمر زمان اور زین زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک و زخمیوں کو ریسکیو کرکے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جائے وقوعہ سے ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔


ملزم نے بتایا اس کا ٹینکر خالی تھا وہ پانی بھرنے کے لیے لانڈھی پمپنگ اسٹیشن جارہا تھا ٹینکر خالی ہونے کی وجہ سے بھاگتا ہوا جارہا تھا کہ اس سے ٹینکر بے قابو ہوگیا جس کی وجہ سے فٹ پاتھ پر چڑھ گیا۔

عوامی کالونی پولیس نے ملزم نصیب خان کو گرفتار کرلیا۔ جاں بحق افراد لانڈھی 36 بی کے رہائشی اور ایک فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔