کراچی: بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی سے مسلح افراد نے سی ایم گولڈ کپ کھیلنے کیلیے جانے والے 6 فٹبالرز کو اغوا کرلیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے فٹبال کھلاڑیوں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سی ایم گولڈ کپ کوالیفائر کھیلنے کے لیے سبی جانے والے فٹبالرز کو جانی بیٹی کے علاقے سےاغوا کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی ادارے صبح سے فٹبالرز کی بازیابی کی کوششوں میں مصروف ہیں اور انشا اللہ ہم تمام مغویوں کو جلد باحفاظت بازیاب کرالیں گے۔
دوسری جانب نگران وزیر کھیل نوابزادہ جمال رئیسانی نے کھلاڑیوں کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے کھلاڑیوں کی جلد اور باحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
نوابزادہ جمال رئیسانی نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی سے رابطہ بھی کیا۔
علاوہ ازیں نگران وزیر داخلہ محمد زبیر جمالی نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سے کھلاڑیوں کے اغواء کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر داخلہ محمد زبیر جمالی نے کھلاڑیوں کی باحفاظت بازیابی کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی بازیابی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔