احتساب عدالت راولپنڈی نے 22 نیب ریفرنسز بحال کردیے

 راولپنڈی: احتساب عدالت نے 22 نیب ریفرنسز بحال کردیے، جن پر سماعت پیر کے روز ہوگی۔

نیب ترامیم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے تحت احتساب عدالت راولپنڈی نے 22 نیب ریفرنسز بحال کردیے۔ تمام ریفرنسز کے ملزمان کو نوٹس جاری کرکے  25 ستمبر کو عدالت طلب کرلیا گیا ہے۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ جیل سے کیس ختم کرانے والے ملزمان دوبارہ اڈیالہ جیل بھیجے جائیں گے۔ 8

کیسز کے ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی ۔ تمام مضاربہ، جعلی ہاؤسنگ ریفرنس اور کرپشن کیسز بحال ہوگئے۔

احتساب عدالت کے جج راجا قمر زمان نے ریفرنس ری اوپن کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

تمام 22 ریفرنسز کے ملزمان کو طلبی نوٹس متعلقہ تھانوں میں آج ہی پہنچائے جارہے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ طلبی نوٹسز کی آج ہی ملزمان سے تعمیل بھی کروا لی جائے۔

عدالت نے پیر 25 ستمبر کو ری اوپن کیے گئے 22 ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کرلی ہے۔