نارتھ کراچی میں راہ چلتی خاتون سے نازیبا حرکت کا مقدمہ درج

نارتھ کراچی میں راہ چلتی خاتون سے نازیبا حرکت کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سرسید ٹاؤن پولیس نے مقدمہ نمبر 635/2023 سرکار کی مدعیت میں سب انسپکٹر علی نواز کی مدعیت میں بجرم دفعات 294 ، 354، 509 کے تحت درج کیا ہے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو دیکھی تھی جس میں پینٹ شرٹ میں ملبوس نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزم گلی سے گزرنے والی برقع پوش خاتون سے نازبیا حرکت کرکے فرار ہوگیا۔

ویڈیو کا بغور جائزہ لیا گیا تو وہ نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی پایا گیا جس پر مذکورہ نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

واضح رہے کہ مذکورہ نارتھ کراچی میں پیش آئے اس واقعے کی ویڈیو جمعہ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس سے قبل گلستان جوہر، اورنگی ٹاؤن اور سمن آباد میں بھی خواتین کو ہراساں کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظرعام پرآچکی ہیں۔