کراچی: ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار باپ اور 2 سالہ بیٹی جاں بحق

کراچی کے علاقے کورنگی میں دو ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار باپ اور اس کی دو سالہ بیٹی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقتول طاہر زمان اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گزر رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کردی، واقعے میں مقتول کی اہلیہ محفوظ رہی۔

کورنگی پولیس کے مطابق فائرنگ کی جگہ سے 30 بور پستول کے 8 خول ملے ہیں، طاہر زمان سے لوٹ مار نہیں کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین نے بتایا کہ مقتول اور ملزمان کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا جس کے بعد فائرنگ کی گئی۔

آئی جی سندھ رفعت مختار نے ملزمان کی فائرنگ سے طاہر زمان اور ان کی دو سالہ بچی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔