خاور مانیکا ناجائز تعمیرات کے الزام پر لاہور ائر پورٹ سے گرفتار

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کو ناجائز تعمیرات کے الزام میں لاہور ائر پورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ناجائز تعمیرات کے الزام پر خاور مانیکا کو گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ خاور فرید مانیکا نے قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال اور 26 دکانیں تعمیر کیں جب کہ وہ یک عرصے سے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی زمین پر ناجائز قابض بھی ہیں۔

اینٹی کرپشن پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ شادی ہال بغیر منظوری نقشہ قبرستان کی 4 کنال اراضی پر بنایا گیا، انہیں ملک سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل خاور مانیکا لاہور سے امارات ائیر لائن کے ذریعے دبئی جا رہے تھے کہ انہیں ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام شامل ہونے کی بنا پر روکا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ خاور مانیکا لاہورعلامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔ جب کہ خاور مانیکا پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔