فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے صرف46 بڑی نجی کمپنیوں کو کوٹہ دینے کی ہدایت

اسلام آباد: نجی حج کمپنیوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا، سعودی حکومت نے اگلے سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے صرف46 بڑی نجی کمپنیوں کو کوٹہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست بھی رد کر دی گئی،سینیٹ مذہبی امور کمیٹی نے وزارت کو معاملے پر دوبارہ خط لکھنے کی ہدایت کردی۔

سوموار کے روزکمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر نگران وفاقی وزیر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی حکومت نے دوٹوک فیصلہ کیا ہے کہ چھیالیس کمپنیاں ہی پاکستان سے حج آپریشن چلائیں گی اور انہوں نے اس فیصلے سے وزارت کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

 انہوں نے کہاکہ سعودی وزیر مذہبی امور سے ملاقات کرکے پاکستان آیا ہوں اورسعودی حکام سے 9 سو حج کمپنیوں کو چھیالیس کمپنیوں میں بدلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا کہا مگر وہ نہیں مانے۔

انہوں نے کہاکہ نگران حکومت کی مدت کا پتہ نہیں ہے کہ کب تک ہے ہم کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہیں گے جس سے مسائل پیدا ہو۔

انہوں نے کہاکہ سعودی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ان تعلقات کی حساسیت بھی ہوتی ہے ہمیں سعودی عرب کے ساتھ حساس تعلقات کا بھی خیال رکھنا چاہئے۔

 انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ حج کے انتظامات قبل از وقت کررہے ہیں اس معاملے پر قائمہ کمیٹی کے کہنے پر سعودی حکومت کو خط لکھ دیتے ہیں انہوں نے کہاکہ سعودی حکومت نے ہمیں سرکاری طورپر رہاہش گاہیں دینے کی پیشکش کی ہے۔

 سعودی حکومت کو اگر اکٹھے تمام عازمین کی ذمہ داری دیں گے تو وہ کچھ رعایت بھی کرنے کو تیار ہیں جس پر کمیٹی کے رکن سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہاکہ اس سے ایک مسئلہ یہ پیدا ہوگا کہ یہاں کی کمپنیوں کو تو پکڑ سکتے ہیں مگر سعودی عرب کی کمپنیوں کو کیسے پوچھیں گے۔

 انہوں نے کہاکہ سعودی عرب بڑی کمپنیوں کو حج کوٹہ دے کر مرکزی کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے اس موقع پر نگران وفاقی وزیر نے کہاکہ سعودی حکومت حجاج کی تعداد ایک کروڑ تک کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے حرم پاک کی توسیع سمیت دیگر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ برس پاکستان سے کسی کو مفت حج نہیں کروایا گیااورحج کا پانچ فیصد کوٹہ ہارڈ شپ اسکیم کے لئے رکھا گیا تھاجبکہ پرائیویٹ حج اسکیم کاکوٹہ76769 حجاج کا تھاانہوں نے بتایا کہ سرکاری حج گزشتہ برس دس لاکھ 20ہزار کا پیکج رہااورحاجیوں سے وصول کی گئی اضافی رقم واپس کردی گئی ہے۔