10 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کے قتل کیس میں نامزد ملزمہ حنا شاہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
رانی پور میں بااثر پیر کے گھر پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی 10 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ فرڑو کیس میں نامزد مرکزی ملزمہ حنا شاہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
ایک ماہ سے روپوش ملزمہ حنا شاہ حیدر آباد کی مقامی عدالت میں ضمانت کے لئے آئی تھیں، تاہم عدالت نے حنا شاہ کی ضمانت مسترد کردی، اور پولیس نے ملزمہ کو عدالت کے باہر ہی گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی خیرپور سمیع اللہ سومرو کے مطابق پہلے سے گرفتار ملزم فیاض شاہ نے پولیس کے دباؤ میں آکر بیٹی حنا شاہ کی گرفتاری پیش کرائی ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمہ حنا شاہ کو گرفتار کرنے کے بعد وویمن پولیس سینٹر خیرپور منتقل کردیا گیا ہے، اور کل ملزمہ کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔