اسپین میں خواتین کو جنسی حملوں کا نشانہ بنانے والا پادری گرفتارکرلیا گیا، پادری خواتین کو نیم بےہوش کرکے ان پر حملوں کی ویڈیو بناتا تھا۔
پادری کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب ایک خاتون نے مقامی پولیس کو اس کے مبینہ جرائم کی اطلاع دی۔ پولیس نے بتایا کہ اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز اگست میں کیا گیا تھا۔
اس کے بعد جب پولیس کی تفتیش آگے بڑھی تو حکام کو اس پادری کی ملکیت میں موجود کمپیوٹر سے خواتین پر جنسی حملوں کی ویڈیوزبھی مل گئیں۔ پادری خواتین کو نیم بے ہوش کرکے ویڈیوز بناتا تھا۔
ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس شرم ناک جرم کے ارتکاب کی پورے اسپین میں مذمت کی جا رہی ہے۔ ملزم کی عمر 34 برس ہے اور پولیس کے مطابق اس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ملزم پر الزام ہے کہ اس نے کم ازکم چار مختلف واقعات میں خواتین کو دھوکے سے کچھ پلا کر پہلے نیم بے ہوش کر دیا اور پھر ان میں سے ہر خاتون پر نہ صرف جنسی حملے کیےبلکہ ویڈیو ریکارڈنگز بھی تیار کیں۔
ہسپانوی پولیس کے مطابق جس علاقے میں جنسی جرائم کا ارتکاب کیا گیا، وہ کلیسائی انتظامی حوالے سے مالاگا کے بشپ کے زیراثر ہے۔
نیوز ایجنسی کے این اے کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ یہ بات خارج از امکان نہیں کہ ملزم کے جرائم کا نشانہ بننے والی خواتین کی تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔