بورے والا میں وکیل نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل

 بورے والا میں مقامی وکیل کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق بورے والا بار کے رکن سابق جوائنٹ سیکرٹری ملک مظہر بغداد اپنے گھر واقع 203/ ای بی سے موٹر سائیکل پر بورے والا کچہری اپنے آفس آرہے تھے۔ مانا موڑ پیٹرولنگ چیک پوسٹ کے سامنے نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر عقبی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے مظہر بغداد سڑک پر گرتے ہی دم توڑ گئے، ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔


تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا منتقل کردیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل دیرینہ دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے قبل ازیں بھی مقتول کے دو بھائی مخالفین سے دشمنی کے نتیجہ میں قتل ہوچکے ہیں تاہم پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے