لاہور: غیر قانونی اور غیر معیاری ادویات کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا، نیشنل ٹاسک فورس صوبائی محکمہ صحت کے ہمراہ کاروائیاں کرے گی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے غیر قانونی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی، غیر معیاری ادویات خاتمے کا ہدف نیشنل ٹاسک فورس کے حوالے کردیا گیا ہے اور نیشنل ٹاسک فورس نے ملک گیر کریک ڈاؤن کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، نیشنل ٹاسک فورس صوبائی محکمہ صحت کے ہمراہ کارروائیاں کرے گی۔
ڈریپ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک گیر کریک ڈاؤن کیلئے ڈریپ کے صوبائی دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہے، نیشنل ٹاسک فورس خفیہ اطلاعات پر ملک بھر میں چھاپے مارے گی۔
آپریشن سے قبل بڑے شہروں کی میڈیسن مارکیٹس میں سرویلنس جاری کیا جائے گا، لاہور،کراچی، حیدر آباد،، راولپنڈی، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور کی میڈیسن مارکیٹ میں چھاپے مارے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کیلئے وفاق،صوبائی میڈیسن انسپکٹوریٹ میں تعاون بڑھایا جائے گا اور قانون شکن عناصر کے خلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
نیشنل ٹاسک فورس کی ملک گیر کارروائیوں کی یومیہ رپورٹ تیار ہو گی اور یومیہ کارکردگی رپورٹ سی ای او ڈریپ کو بھجوائے گی۔