سندھ : کمسن گھریلو ملازمہ فاطمہ کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزمہ حنا شاہ کا جوڈیشل ریمانڈ

عدالت نے رانی پور میں پیر کی حویلی میں تشدد سے ہلاک ہونے والی کمسن گھریلو ملازمہ فاطمہ کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزمہ حنا شاہ کو  جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔

فاطمہ قتل کیس کی مرکزی ملزمہ حنا شاہ نے ایک ماہ کی روپوشی کے بعد چند روز قبل گرفتاری دی تھی۔

مقدمے کے مرکزی ملزم پیر اسد شاہ کے سسر اور حنا شاہ کے والد ملزم فیاض شاہ کا بھی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیاگیا تھا جبکہ ملزم فیاض شاہ کواس مرتبہ ہتھکڑی لگا کر پولیس موبائل میں پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزم فیاض شاہ کو پروٹوکول دینے پر کیس کے تفتیشی افسر کو معطل کردیا گیا تھا۔

تفتیشی افسر، ملزم فیاض شاہ کو پولیس موبائل میں ساتھ بٹھا کرعدالت لایا تھا جبکہ ملزم کو ہتھکڑی بھی نہیں پہنائی گئی تھی اورعدالت میں پیشی کیلئے لے جاتے ہوئے فیاض شاہ کے ہاتھ میں موبائل فون تھا۔