نیب ریفرنسز بحال ہونے کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کوذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر نیب ریفرنسز بحال ہونے کے بعد آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور توشہ خانہ کیس میں طلب کیا گیا ہے۔
یوسف رجا گیلانی کو توشہ خانہ کیس جب کہ سابق صدر کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور توشہ خانہ کیس میں عدالت طلب کیا گیا ہے۔
احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کو 24 اکتوبر کے لئے نوٹسز جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، ایم کیوایم رہنما مصطفی کمال و دیگر کے خلاف نیب ریفرنس کراچی کی احتساب عدالت میں سماعت کے لئے دوبارہ مقرر کیے گئے ہیں۔
سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 ترامیم کالعدم قرار دی تھیں جس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 6 سابق وزرائے اعظم کے خلاف نیب کیسز دوبارہ بحال ہوئے۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں سیاستدانوں کے تمام مقدمات بحال کرتے ہوئے تمام کیسز نیب عدالتوں اور احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے نیب ترامیم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد بہت سے سیاستدانوں کے خلاف بند ہونے والے مقدمات دوبارہ بحال ہو گئے جب کہ نیب نے کئی کیسز کا ریکارڈ بھی احتساب عدالتوں میں جمع کروا دیا ہے۔