لاہور: انسدادِ تشدد جانوراں ایکٹ 1890 کے تحت پہلی ایف آئی آر درج

لاہور میں انسدادِ تشدد جانوراں ایکٹ 1890 کے تحت پہلی ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

شکیل نامی رہائشی کے خلاف انچارج پولیس اینمل ریسکیو سینٹر کی مدعیت میں تھانہ ٹاؤن شپ میں مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شکیل نامی رہائشی نے گھر کی چھت پر پرندے اور جانور رکھے ہوئے تھے، شکایت پر شہری کے پرندوں اور جانوروں کو چیک کیا گیا جو انتہائی لاغر حالت میں پائے گئے۔

درج مقدمےمیں کہا گیا کہ شہری کی چھت پر مردہ جانوروں کی ہڈیاں اور باقیات ملیں، جو لاغر پرندے اور جانور کھا رہے تھے جب کہ مالک نے پرندوں اور جانوروں کے کھانے پینے کے مناسب انتظامات بھی نہیں کیے تھے۔

شہری کی چھت سے ملنے والے پرندوں، جانوروں کو پولیس اینمل ریسیکو سینٹر منتقل کردیا گیا۔

اس ضمن میں اے ایس پی نے کہا کہ بے زبانوں پر ظلم و تشدد کسی صورت برداشت نہیں، پولیس اینمل ریسیکو سینٹر کے قیام کا مقصد بے زبان خلقِ خدا کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔