بنوں میں رشتہ داروں کی فائرنگ سے باپ بیٹی سمیت 3 افراد قتل ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، پولیس

آزاد ککی میں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹی سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس کا کہنا کہ واقعہ معمولی تنازعے کے باعث پیش آیا۔

بنوں کے علاقے آزاد ککی میں معمولی تنازعے پر رشتہ داروں نے فائرنگ کرکے باپ بیٹی سمیت 3 افراد کو قتل کردیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ڈی ایچ کیو اسپتال بنوں منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ معمولی تلخ کلامی کے بعد پیش آیا، ملزمان مقتولین کے رشتہ دار ہیں، جنہوں نے گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں باپ بیٹی اور ایک رشتہ دار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،اور جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلئے گئے ہیں، جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔