چلتی ٹرین میں سیٹ کے جھگڑے پر ایک مسافر قتل 

اسلام آباد:پاکستان ایکسپریس میں مسافر نے  سیٹ کے جھگڑے پر دوسرے مسافر کو قتل کردیا،لاش کو فیصل آباد ریلوے سٹیشن پر پاکستان ایکسپریس سے اتاراگیا۔

واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، مبینہ قاتل فرار ہوگیا،قاتل کی فیملی کو پولیس نے تحویل میں لینے کے بعد چھوڑدیا۔

مرنے کی وجوہات جاننے کے لیے مقتول کا پوسٹ مارٹم کرلیاگیا،قا تل  کی گرفتاری کے لیے ریلوے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یکم اکتوبربروز اتوار راولپنڈی سے کراچی جانے والی  پاکستان ایکسپریس میں  یہ واقعہ پیش آیا۔جس کو ریلوے نے بھرپور چھپانے کی کوشش کی۔

ٹرین 46DN پاکستان ایکسپریس کا ایک مسافر نام ثنا اللہ ولد شیر محمد عمر قریب 50/55 سال جوکہ اپنی فیملی کے ہمراہ ریلوے اسٹیشن علی پور سے فیصل آباد تک سفرکررہا تھا۔

ٹرین جب ریلوے اسٹیشن سانگلہ ہل پہنچی تو ایک مسافر نام ندیم ولد محمد بوٹا فیملی کے ہمراہ سانگلہ ہل سے حیدر آباد کے لیے ٹرین کی بوگی نمبر 16 اکانومی کلاس میں سوار ہوا۔

دونوں مسافروں کی رواں ٹرین میں سیٹ کی بکنگ کیوجہ سے توں تکرار ہوئی۔جس پر دونوں آپس میں گلو گیر ہوکر لڑائی جھگڑا کرنے لگے۔

 اسی دوران  ثنا اللہ گرے پڑے اور وفات ہوگئے۔جبکہ دوسرا مسافر ندیم ولد محمد بوٹا ٹرین ریلوے اسٹیشن چک جھمرہ میں ٹرین آہستہ ہونے پر رواں ٹرین سے اتر کر فرار ہوگیا۔

ڈیڈ باڈی کو ریلوے اسٹیشن فیصل آباد اتارا گیا۔ ترجمان ریلوے پولیس ترجمان کے مطابق موت کس وجہ سے ہوئی اس کے لیے پوسٹ مارٹم کرلیاگیاہے۔

 ترجمان ریلوے پولیس نے پہلے لاعلمی کا اظہار کیابعدازاں ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کردی قاتل کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے  قاتل کوجلد گرفتارکرلیاجائے گا۔