چمن بارڈ ر پر افغان محافظ کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہری شہید

پاک افغان سرحد پر چمن بارڈر کراسنگ پر افغان محافظ نے فائرنگ کرکے دو پاکستانی شہید کردیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد پر باب دوستی پر تعینات افغان محافظ نے پاکستان سے افغانستان جانے والوں پر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ افغان محافظ نے بلااشتعال فائرنگ پیدل جانے والوں پر کی جس کے نتیجے میں 12 سال کے بچے سمیت دو پاکستان شہری شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ایک اور پاکستانی بچہ زخمی ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوجیوں نے مسافروں کی موجودگی کی وجہ سے تحمل کا مظاہرہ کیا اور کسی بڑے نقصان سے بچنے کیلئے کوئی فائرنگ نہیں کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال چمن منتقل کردیا گیا جبکہ زخمی بچہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ افغان حکام سے مجرم کو پکڑ کر پاکستانی حکام کے حوالے کرنے اور ایسے غیرذمہ دارانہ اقدام کی وجہ جانے کیلئے رابطہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنے سکیورٹی اہلکاروں کو کنٹرول کرے گی اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے اقدام کرے گی، پاکستان مثبت اور تعمیری دوطرفہ تعلقات میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات سے سنجیدہ کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔