بھارتی ریاست بہار میں ٹرین حادثہ، 4 افراد ہلاک اور 100 زخمی

بھارتی ریاست بہار میں ٹرین پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نارتھ ایسٹ ایکسپریس ٹرین دہلی میں آنند وہار ٹرمینس ریلوے اسٹیشن سے مسافروں کو لے کر ریاست آسام کیلئے روانہ ہوئی تھی جہاں ریاست بہار میں اسے حادثہ پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین بہار کے شہر بکسر میں رگھوناتھ پور ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتری تھی، اس مسافر ٹرین میں سیکڑوں افراد سوار تھے۔

مقامی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔

 ریاست آسام کے وزیراعلی کا کہنا ہے کہ ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے لیے متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے جب کہ جائے حادثہ کے قریب اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔