پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری اورامریکی ڈالر سستا ہونے پر ہنڈا موٹر سائیکل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 70 سی سی موٹرسائیکل کی قیمت میں 22 ہزار روپے کی بڑی کمی سامنے آئی ہے۔
125 کی قیمت میں 33 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی ہے ۔ ہنڈا 125 اسپیشل ایڈیشن میں 38 ہزار 500 کی کمی سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب ملک میں موٹرسائیکلوں کی فروخت میں 9.85 فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔
ملک میں موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والی وہیکلز کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی مہینوں کی فروخت کے مقابلے میں رواں مالی سال (2023-24) کے پہلے تین مہینوں کے دوران 9.85 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔
پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی سے ستمبر (2022-23) میں 298,405 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں 268,990 موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلر فروخت ہوئے۔ہونڈا موٹر سائیکلوں کی فروخت 250,132 یونٹس سے 7.19 فیصد کم ہو کر 232,139 یونٹ رہ گئی۔
سوزوکی موٹر سائیکلوں کی فروخت 10,007 یونٹس سے 62.27 فیصد کم ہو کر 3,775 یونٹس رہ گئی۔اسی طرح یاماہا موٹر بائیکس کی فروخت بھی 3,726 یونٹس سے گھٹ کر 2,555 یونٹس رہ گئی اس طرح اس میں 31.42 فیصد کی کمی واقع ہوئی جبکہ روڈ پرنس موٹر بائیکس کی فروخت 9,273 یونٹس سے 55.59 فیصد کم 4118یونٹس فروخت ہوئےہیں۔
یونائیٹڈ موٹرسائیکلوں کی فروخت 20,369 یونٹس سے 21,803 یونٹس تک 7.04 فیصد اضافے کے ساتھ دیکھی گئی۔
یونائیٹڈ آٹو تھری وہیلر کی فروخت 412 یونٹس سے کم ہو کر 218 یونٹس رہ گئی جبکہ سازگار تھری وہیلر کی فروخت 31.14 فیصد اضافے کے ساتھ 2,193 یونٹس سے 2,876 یونٹس تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ چنگچی تھری وہیلر کی فروخت میں 1,365 یونٹس سے 1,335 یونٹس تک 2.19 فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔