پاکستان ریفائنری اور چینی کمپنی کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر کے ایم او یو پر دستخط

بیجنگ: پاکستان ریفائنری اور چینی کمپنی کے مابین ڈیڑھ ارب ڈالر کے ایم او یو پر دستخط کردیے گئے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق منصوبے پر عمل سے پاکستان ریفائنری کے تحت پیٹرول کی پیداوار ڈھائی لاکھ سے اضافہ ہوکر 16 لاکھ میٹرک ٹن اور اسی طرح ڈیزل کی پیداوار 6 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گی۔

چینی دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ تقریب میں فریقین کے درمیان پیٹرولیم صنعت میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگراں وفاقی وزیر توانائی محمد علی بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور یونائیٹڈ انرجی گروپ کے درمیان ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ریفائنری سے حاصل ہونے والا پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل نہ صرف مہنگے درآمدی ایندھن کا متبادل ہوگا بلکہ ریفائنری کی پیٹرول کی کل پیداواری استعداد ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر 16 لاکھ میڑک ٹن اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 6 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر 20 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گی۔