نواز شریف کے طیارے کو این او سی جاری، ہمراہ آنے والےافراد کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں نوازشریف فلائی دبئی کی خصوصی پرواز ایف زیڈ 4525 کے ذریعے دبئی سے روانہ ہوں گے

وزیراعظم نوازشریف فلائی دبئی کے طیارے بوئنگ 737-800 میں پاکستان آئیں گے۔

چارسال کی خودساختہ جلاوطنی کے بعد لندن سے پاکستان واپسی کا فیصلہ کرنے مسلم لیگ ن کے قائد خصوصی پرواز میں آئیں گے جو 152 مسافروں کو لے کرپاکستان پہنچے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی طیارے میں نوازشریف کے ہمراہ سینیٹرعرفان صدیقی کےعلاوہ ان کا ذاتی اسٹاف ہوگا۔

ڈاکٹرعدنان اور قریبی ساتھی ناصرجنجوعہ کے علاوہ طیارے میں 24صحافیوں،اینکرزکےعلاوہ لیگی کارکنان بھی سوارہوں گے۔

نوازشریف فلائی دبئی کی خصوصی پرواز ایف زیڈ 4525 کے ذریعے دبئی سے روانہ ہوں گے، خصوصی طیارے کو این او سی جاری کردیاگیا ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق طیارہ 21 اکتوبرکوصبح پونے 10 بجے دبئی ایئرپورٹ سے ٹیک آف کرے گا اور دوپہر ساڑھے 12 بجے اسلام آباد ائرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔

پاکستان واپسی سے قبل اہم شخصیت سے ملاقات

دوسری جانب پاکستان روانگی سے قبل نوازشریف آج دُبئی میں مصروف دن گزاررہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نے آج صاحبزادی اسماء نواز کے گھرپر دبئی حکومت کی ایک اعلیٰ شخصیت سے ملاقات کی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔ اس اہم ملاقات میںپاکستان میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامورپر بات چیت کی گئی۔

اس کے علاوہ نوازشریف آج مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

تقریبا چار سال کی جلاوطنی کے بعد پاکستان واپس آ نے والے نواز شریف کو 2019 میں لاہور ہائیکورٹ نے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

پاکستان آمد سے قبل نوازشریف پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر چکے ہیں تاکہ انہیں گرفتار نہ کیا جانا یقینی بنایا جاسکے۔