پاکستان تحریکِ انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی نشان سے متعلق 3 اگست کے زبانی اعلان کا تحریری فیصلہ جاری کرے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ہتھیانے کی کوشش کی تو قوم اسے قبول نہیں کرے گی۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ’بلّے‘ کا نشان وفاقِ پاکستان کی وحدت، تقویت اور مضبوطی کی علامت ہے، سب سے بڑی سیاسی قوت کے بغیر صاف، شفاف انتخاب کا تصور بے معنی ہے، پی ٹی آئی کو الیکشن سے باہر رکھنے کی سوچ دستور کی سیاسی ترتیب پر حملےکے مترادف ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق 9 جون 2022ء کے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن درست قبول کرچکا، تحریری فیصلے میں تاخیر پی ٹی آئی کو غیر یقینی کی کیفیت سے دوچار کرنے کی سازش ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی دباؤ یا تعصّب سے پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کی روایت سے قوم آگاہ ہے، الیکشن کمیشن غیر آئینی و غیر قانونی سیاسی انجینئرنگ سے گریز کرے، ہم اس کے کسی بھی غیر آئینی اقدام پر قانونی اور سیاسی چارہ جوئی کریں گے۔