نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر مس زوئی ویئر کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے خاتمے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون اور یو این ڈی پی کے سیف ڈیجیٹل انوائرمنٹل پروگرام پر گفتگو بھی کی گئی۔
اس موقع پر نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور برطانیہ کے ساتھ میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اس پرقابو پانا ضروری ہے۔
نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں۔
اُنہوں نے برطانوی پولیٹیکل قونصلر کو ملک میں انتخابی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابات وقت پر ہوں گے اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔