چار سالہ خودساختہ جلاوطنی کے بعد لندن سے پاکستان پہنچنے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے گلے ملنے کی ’جذباتی تصاویر‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس پر کئی سوشل میڈیا صارفین تبصرے بھی کررہے ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سالہ خود ساختہ جلا وطنی کے بعد لندن سے واپس پاکستان پہنچے تھے۔
لاہور میں مینارِ پاکستان کے مقام پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ نواز شریف کو خوش آمدید کہنے کے لیے جمع تھے جہاں ان کی بیٹی مریم نواز، بھائی شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے دیگر رہنما اسٹیج پر موجود تھے۔
کئی سالوں بعد بیٹی کی باپ سے ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
یوں تو سوشل میڈیا پر نواز شریف اور مریم نواز کو سیاسی وجوہات کی بنا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے لیکن گزشتہ روز کئی سالوں بعد وطن واپسی پر مریم نواز اور نواز شریف کے گلے ملنے کی تصاویر پر صارفین باپ اور بیٹی کی محبت کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نواز شریف کا ہیلی کاپٹر مینار پاکستان کی فضاؤں میں دیکھ کر مریم نواز اپنے آنسو نہ روک سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔
پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کی گئی تصویر میں نواز شریف مریم نواز اور شہباز شریف کے کندھوں میں ہاتھ رکھ ہوئے ہیں، اروشہ نامی صارف نے تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا ’ماشااللہ، بہت پیاری تصویر ہے‘۔
اس کے علاوہ مریم نواز اور نواز شریف کی گلے ملنے کی ایک اور تصویر گردش کررہی ہے جس میں مریم نواز آبدیدہ ہیں۔
سعید قیصر نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ گزشتہ روز کے جلسے کی سب سے جذباتی تصویر ہے، مریم نواز نے اپنے والد کا کبھی ساتھ نہیں چھوڑا، نواز شریف کا دور اب واپس آگیا ہے۔‘