خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت کل ہوگی۔ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین اڈیالہ جیل میں سماعت کریں گے۔
سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد کرنے کا امکان ہے۔
سائفر کیس کی گزشتہ سماعت 17 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ اس سماعت میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت قائم خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 23 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کی۔
ریاستی پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے تھے جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم بھی تفتیشی افسر کے ہمراہ عدالت آئی تھی۔
گزشتہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بٹ ، خالد یوسف اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی جیل میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو ہی سائفر کیس میں سابق پرنسپل سیکرٹری اور مرکزی گواہ اعظم خان کا تحریری بیان سامنے آیا تھا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے خلاف ٹارگٹڈ پلان بنایا، سائفر سے متعلق اسپیکر نے رولنگ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر دی تھی۔
اعظم خان نے مجسٹریٹ کے سامنے دیے گئے اپنے تحریری بیان میں بتایا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر معاملہ فوج کو ٹارگٹ کرتے ہوئے سیاسی مقاصد اورعدم اعتماد میں بچنے کے لیے پلان بنایا، عمران خان اداروں پر تحریک عدم اعتماد میں مدد کے لیے ڈباؤ ڈالنا چاہتے تھے۔
اعظم خان نے تحریری بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کی کاپی حاصل کی اور بعد میں کہا کہ کاپی گم ہو گئی ہے، عمومی طور پر سائفر جس چینل سے آتا ہے اسی چینل سے واپس بھیجا جاتا ہے، 8 مارچ کو سائفر سے متعلق فارن سیکرٹری کا ٹیلی فون آیا، ٹیلی فون پر سائفر کی کاپی وزیراعظم آفس کو بھجوانے سے متعلق بتایا گیا۔
انہوں نے اپنے تحریری بیان میں مزید کہا کہ فارن سیکرٹری نے کہا 9 مارچ کو سائفر کی کاپی وزیراعظم کے حوالے کریں، چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مارچ کو سائفر کے ڈاکومنٹ کا معائنہ اور اس پر رائے دی، شاہ محمود قریشی سائفر کا عمران خان کو آگاہ کرچکے تھے، سابق وزیر اعظم نے سائفر کو امریکی بلنڈر کہا اور اس پر اپوزیشن اور اداروں کے خلاف مؤثر بیانیہ بنانے کا کہا کی جب عدم اعتماد آئی تو سائفر کو اس سے جوڑنے کی بھی ہدایت کی۔