فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ خالد مشعل نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ اور مزاحمت کی حمایت کے لیے مزید کام کریں، مسجد اقصی کو ختم کر نے کے لئے امریکہ اسرائیلی جنگ کی قیادت کر رہا ہے۔
حماس کے سربراہ نے فلسطین کے حوالے سے عرب پوزیشن کو مضبوط اور مربوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا پوری طاقت کے ساتھ ہمارے ساتھ کھڑی ہو،۔ہم چاہتے ہیں کہ ہم آہنگ اور باضابطہ عرب پوزیشن کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ فخر اور جلال کی جنگ ہے، عرب، اسلامی امہ اور تمام آزاد لوگ یروشلم، مسجد اقصی اور غزہ کی حمایت کے لیے ایک سیاسی تحریک کا آغاز کریں، ہم بھروسے اور یقین کے ساتھ کہتے ہیں کہ اللہ ہماری مدد کرے گا۔
خالد مشعل نے کہا کہ اللہ کے حکم سے ہم اسرائیلی دشمن کو شکست دینے میں کامیاب ہونگے، ہر مسلمان کو یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم اس عظیم منظر اور اس بہت بڑی ذمہ داری میں کہاں کھڑے ہیں؟ ہرمسلمان سوچے کہ جب اللہ روز محشر پوچھے گا کہ حق و باطل کے معرکے پر ہم کیا کررہے تھے، غزہ، اس کی خواتین، اس کے بزرگوں اور اس کے خاندانوں کی مدد کے لیے کیا کیا؟
انہوں نے کہا کہ مسجد اقصی ہم سب کے لیےہماری پہچان اور ہمارا فخر ہے اورمسجد اقصی کے بغیر قوم کی کوئی قدر نہیں، صہیونی دشمن کو امریکیوں اور بعض مغربی ممالک کی طرف سے فلسطینیوں کے قتل عام کی کلین چٹ دی گئی ہے، دشمن ہمارے خلاف جمع ہوئے تاکہ غزہ کو تباہ کریں۔