سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے اطلاع دی کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہفتے کے روز ریاض میں امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم سے ملاقات کی جہاں دونوں نے دو طرفہ تعلقات اور اسرائیل-غزہ تنازعہ پر تبادلۂ خیال کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں نے "مشترکہ دلچسپی" کے دیگر امور کے علاوہ غزہ میں جاری فوجی کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا۔
ولی عہد نے غزہ میں کشیدگی کو ختم کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ تشدد مزید نہ پھیلے اور خطے اور دنیا کی سلامتی اور امن پر کوئی اثرات نہ ہوں۔
محمد بن سلمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق ملنے کی ضمانت دینے کے لیے امن عمل کو دوبارہ شروع کر کے غزہ میں استحکام کو بحال کیا جائے۔
ریاض میں ہونے والی میٹنگ میں دیگر دو طرفہ امریکی حکام بھی شریک تھے۔