ٹریفک حادثہ 'کویت کی معروف فیشن سٹار فاطمہ المومن کو تین سال قید کی سزا

معروف فیشن اسٹار فاطمہ المومن کو کویت کی عدالت نے ٹریفک حادثے کے دوران قتل خطا کے کیس میں تین سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔ 

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق معروف فیشن اسٹار فاطمہ المومن کو عدالت  کی جانب سے  قید کی سزا کے علاوہ ایک برس تک ڈرائیونگ لائسنس ضبط کرنے کی سزا بھی سنائی ہے۔

عدالت کی جانب سے معروف فیشن اسٹار پر دس الزامات عائد کیے گئے تھے جن میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ، انتہائی رفتار کی خلاف ورزی، قتل خطا، غلطی سے راہگیروں کو زخمی کرنا اور سگنل توڑنا شامل ہیں۔

عدالت نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ وہ انتہائی لاپرواہی سے ڈرائیونگ کررہی تھیں، گاڑی انشورڈ نہیں تھی اور پرمٹ بھی نہیں تھا۔ فاطمہ المومن پر سرکاری اور شہری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی ہے۔

فیشن اسٹار کو 14 ستمبر کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جبکہ ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔ تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کے دوران ان کی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس پر چار افراد سوار تھے۔ حادثے میں دو افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے تھے۔