گاجروں کو آسان طریقوں سے تروتازہ رکھیں

موسمِ سرما میں گاجر کا استعمال تقریباً ہر گھر میں ہی ہوتا ہے، خواتین گاجروں کو بڑی مقدار میں ذخیرہ کرلینا ہی بہترسمجھتی ہیں۔

منفرد میٹھا ذائقہ لیے گاجر کئی قسم کے کھانوں میں استعمال کی جاتی ہے، چاہے مکس سبزی ہو یا خوشبودارسبزی پلاؤ، گاجر کا حلوہ ہویا کیرٹ کیک، یہ سب میں لازمی جزو تصویر کی جاتی ہے۔

لیکن یہ تمام کھانے صرف اسی صورت میں ذائقے دار بن سکتے ہیں، جب گاجر کی تازگی برقرار رہے۔

خواتین گاجروں کی تازگی برقراررکھنے کیلئے ان طریقوں پرعمل درآمد کرسکتی ہیں، یہ آسان ٹوٹکے گاجروں کا ذائقہ نہ صرف برقراررکھیں گے بلکہ انہیں تازہ بھی رکھیں گے۔

گاجر خریدتے وقت تازہ گاجروں کا انتخاب کریں، داغ یا نشان والی گاجروں سے اجتناب کریں۔

جن گاجروں میں خوشبو نہ ہوں، انہیں ہرگزنہ خریدیں اور درمیانے سائزکی گاجر کا انتخاب کریں۔

پانی میں بھگودیں
گاجروں کی تازگی برقراررکھنے کیلئے انہیں دھوکردونوں اطراف کاٹ لیں، اسے چھیل کر ایک برتن میں پانی بھر کر اس کو بھگودیں۔

ان بھیگی ہوئی گاجروں کو 15 دن تک با آسانی ذخیرہ کیا جاسکتا ہے، لیکن ہر دو سے تین دن بعد برتن کا پانی لازمی تبدیل کریں۔

کاٹ کر اسٹور کرلیں
گاجروں کو اچھی طرح دھوکر کاٹ لیں اور ایک زپ لاک بیگ میں اسٹور کرلیں۔ پہلے سے کٹی ہوئی گاجر نہ صرف خواتین کا وقت بچا سکتی ہے بلکہ جلدی کھانا تیار کرنے میں بھی آسانی فراہم کرتی ہے۔

گاجروں کو ابال لیں
گاجروں کو تازہ رکھنے کے لئے گاجروں کو چند منٹ ابالیں، چھیلیں اور لمبائی کے لحاظ سے کاٹ لیں۔

اس کے بعد انہیں ٹھنڈے پانی میں چند منٹ کیلئے بھگو دیں، خشک ہونے کے بعد انہیں زپ لاک بیگ میں اسٹور کرکے فریزر کردیں۔

فریج میں رکھ دیں
اگر گاجروں کو مختصر وقت کیلئے ذخیرہ کرنا ہو تو گاجروں کو اپنے ریفریجریٹر کے ویجیٹیبل باکس میں رکھیں۔

نمی برقرار رکھنے کے لیے انہیں کسی سوراخ والے پلاسٹک بیگ میں ذخیرہ کریں۔