سابق پاکستانی بلے باز محمد یوسف نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے بارے میں بڑی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہت شرما کی قیادت والی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں ناقابل شکست رہے گی۔
محمد یوسف نے دلیل دی کہ بھارت نے کوئی کمزوری نہیں دکھائی اور اسی وجہ سے وہ 19 نومبر کو ٹرافی اٹھانے کے لیے فیورٹ ہیں۔
یوسف نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ ہندوستان فیورٹ ہے کیونکہ ان کے پاس بہترین بلے باز، گیند باز، بہترین فیلڈنگ ہے اور وہ ایک یونٹ کے طور پر اچھا کھیل رہے ہیں، میچ سے پہلے، ایسا لگتا تھا کہ دو مضبوط ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے تاہم، اب صرف ایک ٹیم ٹورنامنٹ کی قیادت کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اکٹھا کرنا اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں مدد کرنے میں راہول ڈریوڈ کی شراکت قابل ذکر ہے اور ان کی محنت واضح ہے ڈریوڈ اور روہت شرما کے درمیان اچھی کیمسٹری پوری ٹیم کو متحد کرتی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ ہندوستان ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں ہارے گا شکست کا سامنا کرنا ان کے لیے بد قسمتی ہوگی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہندوستان ہی وہ واحد ٹیم ہے جس نے ابھی تک ورلڈ کپ میں شکست کا مزہ چکھنا ہے کیونکہ بلیوز نے آٹھ میں سے آٹھ میچوں میں فتح حاصل کی اور اس نے نہ صرف اپنے کھیل جیتے بلکہ انہیں آرام سے اور یکطرفہ انداز میں جیتا۔