بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کی، تاہم سابق کپتان بابر اعظم پریکٹس سیشن کے دوران نظر نہ آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم آج دبئی اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی، قومی ٹیم نے اسٹیڈیم پہنچ کر رنگ آف فائر میں پریکٹس کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل فیس بک پر جاری پوسٹ کے مطابق کھلاڑیوں نے وارم اپ سیشن اور ایکسرسائز ڈرلز میں حصہ لیا، کوچز نے کھلاڑیوں کو کیچز اور فیلڈنگ کی پریکٹس کرائی۔
تاہم سابق کپتان بابر اعظم پریکٹس کے لیے نہ جا سکے بلکہ انہوں نے ہوٹل میں ہی فزیکل ٹریننگ حاصل کی۔ اطلاعات سامنے آئی کہ بابر اعظم نے زکام کی وجہ سے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔
قیاس آرئیاں کی جارہی ہیں کہ بابر اعظم میچ کے لیے مکمل فٹ نہیں جس کے باعث وہ پریکٹس سیشن میں نظر نہ آئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا ٹاکرا آج 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا،
بڑے میچ ٹکٹس کم وقت میں ہی فروخت ہوگئے تھے۔ کھلاڑیوں نے پاک بھارت میچ کیلئے بھرپور پریکٹس کی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا ہائی وولٹیج مقابلہ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔