کرکٹ اسٹار محمد شامی کو ای میل کے ذریعے قتل کی دھمکی اور ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کردیا۔
یہ خطرناک پیغام "راجپوت سندر" نامی شخص کی جانب سے موصول ہوا، جس میں ایک پراسرار شخصیت "پربھاکر" کا بھی ذکر ہے، جس کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔
شامی کے بھائی نے امروہہ کے سائبر کرائم تھانے میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس نے معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، اور ای میل کا پرنٹ آؤٹ بطور ثبوت پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سائبر سیل اور کرائم برانچ اب مل کر معاملے کی گہرائی سے چھان بین کر رہی ہیں، جبکہ شامی کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
شامی اس وقت آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے گوتم گمبھیر کو بھی اسی طرح کی ای میل دھمکیاں مل چکی ہیں، جس نے انڈین کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
