فرانس کا فلسطینیوں کیلئے 100ملین یورو امداد کا اعلان

فرانسیسی صدر میکرون نے فلسطینیوں کے لیے امداد 20 ملین یورو سے بڑھا کر 100 ملین یورو کرنے کا اعلان کردیا۔

پیرس میں غزہ کانفرنس سے خطاب میں صدر میکرون نے کہا غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے، شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ناگزیر ہے اور یہ ایک فوری ضرورت ہے۔

فلسطینی وزیراعظم نے کہا اسرائیل نے صرف حماس پر حملہ نہیں تمام فلسطینیوں پر حملہ کیا ہے اور جنگ مسلط کی ہے۔ تاشقند میں ای سی او سربراہی اجلاس ہوا، جہاں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں تمام اقدار کو کچل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والے مغربی ممالک دور کھڑے غزہ میں قتل عام دیکھ رہے ہیں۔ ترک صدر نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کی، ترکیہ ایران تعلقات سمیت غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، جس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور شہریوں کے تحفظ پر اتفاق کیا۔

مذکورہ ملاقات امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی اور اسرائیلی ایجنسی موساد کے سربراہوں کی جمعرات کو دوحہ میں قطری وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد ہوئی ہے۔

ملاقات میں یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق پیرا میٹرز اور غزہ کی پٹی میں حماس اسرائیل کی لڑائی کو روکنے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی نے بھی شرکت کی۔