ڈکیتی کیلئے وردی میں جیولر کے گھر گھسنے والا اہلکار زخمی

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ساتھیوں کے ہمراہ ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہونے والا پولیس اہلکار علاقہ مکینوں کے ہتھے چڑھ گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی اہلکار اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ سونار کے گھر میں ڈکیتی کی نیت سے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے، چار ملزمان میں سے ایک پولیس اہلکار گل شیر وردی میں تھا، باقی ساتھی سادہ لباس میں تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گھر میں داخلے کی کوشش میں گھر کے رہائشی نے شور مچایا تو دو ملزمان گل شیر پولیس اہلکار اور شاکر حسین مکینوں کے ہتھے چڑھ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار سمیت دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ ملزمان کے دیگر ساتھی منصف بلوچ اور عارف لاسی فرار ہوگئے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ زخمی اہلکار اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں تعینات ہے، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم رات میں واردتیں کرنے میں ملوث ہے۔