جناح ہاؤس حملہ: 129 ملزمان کیخلاف پولیس کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع

عدالت نے 129 ملزمان کے خلاف ریکارڈ پیش کرنے کے لئے پولیس کو آخری موقع دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے جناح ہاوس حملہ کیس میں نامزد 129 ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

پولیس کی جانب سے اے ٹی سی لاہور میں ریکارڈ آج بھی پیش نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے پنجاب پولیس کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

واضح رہے کہ جناح ہاوس حملہ کیس کا مقدمہ لاہور کے تھانہ سرور روڈ میں درج ہے۔

گزشتہ ماہ جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آٸی رہنما حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، حسان نیازی غلام عباس اور علی عباس کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس نے 9 مئی کو جناح ہاؤس میں موجود افراد کی نئی فہرستیں تیار کرلیں جن میں 2 پولیس افسران کے نام اور تصاویر بھی شامل ہیں۔