پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دولہا جاں بحق دولہا عمرزادہ چارسدہ سے بارات لے کر حیات آباد جارہا تھا، پولیس

چارسدہ روڈ گاڑی پر فائرنگ سے دولہا جاں بحق ہوگیا، اور پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات تاحال سامنے نہیں آئے۔

پشاور کےعلاقے چار سدہ روڈ پر نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دولہا جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔ مرنے والے کی شناخت عدنان عمرزادہ کے نام سے ہوئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ عدنان عمرزادہ کی شادی چارسدہ روڈ میں ہوئی اور وہ نئی نویلی دلہن کو لے کر حیات آباد جارہا تھا، کہ تھانہ فقیرآباد کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے بارات کی گاڑیوں پر فائرنگ کردی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات تاحال سامنے نہیں آئے، دولہے عمرزادہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اور جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے واقعے تفتیش شروع کردی ہے۔