قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ٹیم مینجمنٹ کا پوسٹ مارٹم کرنے پر اتفاق : مشاورت شروع

بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مشاورت شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ٹیم مینجمنٹ کا پوسٹ مارٹم کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ، ٹیم منیجر اور کپتان کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف قومی اسکواڈ کو تمام تر سہولیات مہیا کرنے کے باوجود ناقص کارکردگی سے سخت نالاں ہیں۔

پی سی بی کو بولنگ کوچ مورنی مورکل کے استعفے کے بعد دیگر کوچز کے فیصلے کا بھی انتظار ہے جبکہ ٹیم سے متعلق حتمی فیصلے سابق کرکٹرز کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

مکی آرتھر 3 روز بعد دبئی سے لاہور پہنچ رہے ہیں جبکہ مکی آرتھر کی ذکاء اشرف سے ملاقات میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر بات ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں صرف 4 میچ جیت سکی، قومی ٹیم نے بنگلہ دیش، سری لنکا، نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ کو ہرایا جبکہ بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف ٹیم ناکام رہی