چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پاک بھارت میچ میں پاکستانی شائقین کی جانب سے ویرات کوہلی کو ملنے والی بے پناہ پذیرائی نے پاکستان کے خلاف ہمیشہ زہر اگلنے والے بھارتی میڈیا کو حیران و پریشان کردیا ہے۔
گزشتہ روز دبئی میں ہونے والے پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی نے اپنی شاندار سنچری سے بھارتی ٹیم کو فتح دلائی، لیکن دلچسپ بات یہ رہی کہ پاکستانی شائقین نے بھی کوہلی کی اس کارکردگی کو بے حد سراہا۔
یہ منظرنامہ بھارتی میڈیا کےلیے حیرت کا باعث بنا ہوا ہے، جو اکثر پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچوں کو ایک جنگ کی طرح پیش کرتا ہے۔ لیکن پاکستانیوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ کھیل کے میدان میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، چاہے وہ کسی بھی ملک کے کیوں نہ ہوں۔
ویرات کوہلی، جنہیں بھارتی کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹار مانا جاتا ہے، نے اپنی بیٹنگ کے ذریعے بھارت کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔ ان کی سنچری نے نہ صرف بھارتی شائقین کو خوشی سے سرشار کردیا بلکہ پاکستانی شائقین بھی ان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرنے سے نہ رک سکے۔ یہ منظر دیکھ کر بھارتی میڈیا کو اپنی رپورٹنگ پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہونا پڑا، جو عام طور پر دونوں ممالک کے درمیان نفرت کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں پاکستانی اخبارات کے حوالے دیتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی میڈیا نے بھی کوہلی کی کارکردگی کو بے حد سراہا ہے۔ ہندوستان ٹائمز نے پاکستانی انگریزی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اخبار نے اپنی سرخی میں لکھا کہ کوہلی نے جس طرح کا کھیل دکھایا، اس نے بھارت کو پاکستان پر آسانی سے فتح دلائی۔ اخبار نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے چیلنجنگ ہدف نہ دینے کی وجہ سے بھارت کو فتح حاصل کرنے میں آسانی ہوئی۔
ایک اور مضمون میں کوہلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاک بھارت کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی نے اتنا اثر نہیں ڈالا جتنا کوہلی نے ڈالا ہے۔ یہاں تک کہ پاکستان کے لیجنڈری کھلاڑیوں جیسے وسیم اکرم اور عمران خان نے بھی پاک بھارت میچ میں کوہلی جتنا اثر نہیں ڈالا۔
ایک اور میڈیا نے کوہلی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ پاکستان ہائی اسٹیکس چیمپئنز ٹرافی مقابلے میں بھارت سے ہار گیا۔ رپورٹ میں کوہلی کی ریکارڈ ساز اننگز کا بھی ذکر کیا گیا، جس نے بھارت کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان ٹائمز نے لکھا کہ اخبار نے میچ کے نتیجے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کردیا اور دفاعی چیمپئن کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کی یہ رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور میڈیا کی سوچ سے بے خبر ہیں۔ پاکستانی شائقین اور میڈیا کھیل کو کھیل کی نظر سے دیکھتے ہیں اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کو بھی پاکستانی شائقین نے دل کھول کر خراج تحسین پیش کیا۔