کراچی: آئی آئی چندریگر روڈ پر کثیرالمنزلہ عمارت میں آتشزدگی سے ایک خاتون زخمی

کراچی کے آئی آئی چندریگر روڈ پر قائم کثیرالمنزلہ عمارت میں آتشزدگی سے ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

کراچی ساؤتھ پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سید اسد رضا نے بتایا ہے کہ کثیرالمنزلہ عمارت میں آتشزدگی سے ایک خاتون جھلس کر زخمی ہوئیں، جن کی شناخت 25 سالہ اقرا کے نام سے ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ بزنس اینڈ فنانس سینٹر کی تیسری منزل پر لگی اور اس کے شعلے چھٹی منزل تک پہنچے۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ عمارت میں 300 دفاتر ہیں اور وہاں دو ہزار افراد ملازمت کرتے ہیں جو بحفاظت عمارت سے باہر نکل آئے۔

انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 12 فائر ٹینڈر آئے تھے اور شعلوں پر کنٹرول کرلیا لیکن کولنگ کا کام جاری رہا۔

آتشزدگی کی وجوہات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکت ہے۔

مٹھادر کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) وقار احمد تنولی نے جائے وقوع پر موجود فائرمین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کے میٹر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی۔

دوسری جانب کے-الیکٹرک (کے ای) کے ترجمان عمران رانا نے دعویٰ کیا کہ کمپنی کی بجلی کی تاریں محفوظ اور برقرار ہیں اور سب اسٹیشن پر کوئی نقصان نہیں ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرجاری بیان میں انہوں نے کہا کہ چندریگر روڈ پر موجود عمارت میں آگ کی اطلاع پر فوری کارروائی کی گئی، ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ لگنے کے واقعے میں کے-الیکٹرک کا انفراسٹرکچر ملوث نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمارت میں موجود کے-الیکٹرک کا انفرااسٹرکچر بشمول سب اسٹیشن محفوظ حالت میں ہے۔