سموگ ختم کرنے کے لیے پنجاب میں مصنوعی بارش برسانے کی تیاری کرلی گئی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
سموگ کی صورتحال دوبارہ بگڑنے پر پنجاب حکومت نے اہم فیصلے کرلیے، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اعلان کیا کہ لاہور میں ہفتے کے روز تعلیمی ادارے، سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے، ہفتے کے روز مارکیٹیں دوپہر 3 بجے کے بعد کھلیں گی جبکہ اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں مصنوعی بارش کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔
کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اعلان کیا کہ کسی کے روز گار کو متاثر نہیں کرنا چاہتے، اسموگ کے خاتمے کے لیے تاجر برادری تعاون کرے، ہوا کے رُخ کی وجہ سے اسموگ بڑھ سکتی ہے اور بارش کا امکان بھی نہیں۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سموگ پر قابو پانے کے لیے اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مصنوعی بارش برسانے کے لیے بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان اور پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین سے فوری رابطہ کر لیا گیا جبکہ سرکاری سطح پر فیول والی موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جا رہی ہے،اب الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں غیر معیاری فیول کی چیکنگ تیز کر دی ہے، اسموگ کی وجہ سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں 10 فیصد فصلوں کی باقیات کو جلایا جاتا ہے جبکہ انڈیا میں 90 فیصد فصلوں کی باقیات جلاتا ہے، انڈیا میں باقیات جلانے کی روک تھام پر کوئی کنٹرول نہیں جس کا ہم پر بُرا اثر پڑ رہا ہے۔