سرجانی ٹاؤن میں بیٹریاں پگھلانے والے 100 سے زائد غیر قانونی بھٹیوں کا خاتمہ

کراچی: سندھ انوائرونمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ( سیپا) نے سرجانی ٹاؤن ضلع غربی میں بیٹریاں پگھلانے والی 100 سے زائد غیر قانونی بھٹیوں کا خاتمہ کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر سیپا ضلع غربی منیر عباسی نے بتایا کہ عوامی شکایات پر سرجانی ٹاؤن میں جاری غیر قنانوی بھٹیوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا، ان بھٹیوں میں غیر روایتی اور غیر قانونی طریقے سے بیٹریوں کو پگھلا کر ان سے سیسہ نکالا جارہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹریوں کو پگھلانے کے غیرقانونی دھندے سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پھیل رہی تھی بلکہ اطراف کے علاقوں میں مختلف بیماریاں جنم لے رہی تھیں۔

کامران خان ڈپٹی ڈائریکٹر لیب کے مطابق اس مکروہ دھندے سے لوگ آنکھوں کے امراض کا شکار ہورہے تھے جبکہ لوگوں کے پھیپڑوں اور دماغی امراض کا شکار ہونے کی بھی شکایت تھیں جس پر محلہ ماحولیات کے اعلی حکام کی ہدایت پر مزکورہ علاقے میں گزشتہ شب آپریشن کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سو کے قریب بھٹیاں ختم کردی گئیں جہاں مختلف ڈرمز میں آگ جلا کر بیٹریوں کو پگھلایا جارہا تھا۔