ریاض: سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کو چار صفر سے شکست دے دی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی کپ کے کوالیفائر راؤنڈ 2 میں گروپ H کے میچ میں سعودی عرب نے پاکستان کو 4-0 سے ہرایا۔ الحسا پرنس عبداللہ بن جلاوی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں سعودی عرب کو پہلے ہاف میں 1-0 کی برتری تھی صالح الشہری نے میچ کے چھٹے منٹ میں گول اسکور کیا۔
پہلے ہاف کے دوران پاکستان نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کھلاڑی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، جس کے بعد دوسرے ہاف میں خاطر خواہ کارکردگی دکھائی نہیں دی اور 48 ویں منٹ میں سعودی عرب کو پنالٹی مل گئی، جس کے نتیجے میں سعودی عرب ایک اور گول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
بعد ازاں سعودی عرب نے اضافی وقت میں تیسرا گول بھی کردیا۔ عبدالرحمن غریب نے 91 ویں منٹ میں یہ گول کیا، جس کے بعد 96 ویں منٹ میں عبداللہ ردیف کی جانب سے ایک اور گول کردیا گیا اور سعودی عرب 4-0 کی برتری کے ساتھ میچ جیت گیا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب ورلڈ رینکنگ میں 57ویں نمبر پر موجود ہے۔ راؤنڈ ٹو کے گروپ جی میں سعودی عرب کے علاوہ پاکستان کے ساتھ اردن اور تاجکستان شامل ہیں۔ پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ فیفا ورلڈکپ کوالیفائر اے ایف سی کے راؤنڈ ٹو تک رسائی حاصل کی ہے۔ قومی ٹیم کے غیر ملکی کوچ اسٹیفن کونسٹٹائن نے کہا تھا کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کےلیے پراعتماد ہیں۔