ذیابیطس اور ڈپریشن موت کا خطرہ بڑھنے کا سبب بن رہے ہیں

طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ذیابیطس اور ڈپریشن موت کا خطرہ بڑھانے کی وجہ بنتے جا رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کم و بیش 5 فی صد بالغ افراد ذہنی دباؤ (ڈپریشن) کا شکار ہیں، جس سے ان میں موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق کاروں نے خبردار کیا ہے کہ 27 سال بعد (2050ء تک) دنیا بھر میں ذیابیطس کے ٹائپ ٹو سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک ارب 30 کروڑ سے بھی متجاوز ہونے کا امکان ہے جب کہ ایسے افراد کو ڈپریشن ہونے کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔

اس حوالے سے ہونے والی تحقیق کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ٹائپ 2 ذیابیطس والے افراد میں عام آبادی کے مقابلے میں ڈپریشن کا امکان 2 گنا ہوتا ہے اور دونوں کیفیات اموات کے خطرے کو بڑھا دیتی ہیں، تاہم مزید انکشاف یہ ہوا ہے کہ ڈپریشن اور ٹائپ 2 ذیابیطس کا امتزاج موت کے خطرے کو دراصل چار گنا تک بڑھا سکتا ہے۔