برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے جس کا ہمیں سامنا ہے، پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کا سامنا ہے حالانکہ پاکستان کا موسمیاتی تباہی میں کردار نہیں۔
نٹ شیل کے تحت دی فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان کیلیے 5 سالہ کلائمیٹ رزیلینٹ پروگرام کا اجرا کر دیا ہے، کلائمیٹ ریزیلینٹ پروگرام کیلیے 35 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں 15فیصد تک ماحولیاتی تباہی سے کمی آنے کا خدشہ ہے، غیر پائیدار پالیسیوں سے خوراک کی کمی کا سامنا ہے، ورلڈ بینک پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلیے فنڈز فراہم کرے گا، پاکستان کیلیے کلائمیٹ انویسٹمنٹ فنڈ کے نام سے ایک پروگرام بھی شروع کرنے جا رہے ہیں، برطانیہ موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے بچائو کا منصوبہ بھی شروع کر رہا ہے، منصوبے کے تحت پاکستان کو 35 بلین روپے فراہم کیے جائیںگے، فنڈز کا مقصد پاکستان کے متوسط طبقے کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے محفوظ بنانا ہے بڑھتی ہوئی آبادی اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر کیلیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔