سیلفی کا جنون نوجوان کی جان لے گیا

بھارت میں سیلفی کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ایک ضلع سہارنپور میں پیش آیا جہاں سیلفی کا شوقین نوجوان پل پر کھڑے ہوکر سیلفی لے رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق نوجوان کی شناخت موجم کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 24 سال ہے اور وہ اورنگ زیب پور گاؤں کا رہائشی تھا، نوجوان شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے مبارک پور آیا ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ نوجوان جمعرات کی رات اپنے کزن کے ساتھ ہائی وے پر تصاویر لینے گیا اور اسی دوران اس نے پل پر کھڑے ہو کر سیلفی لینا چاہی لیکن اس دوران نوجوان کا توازن بگڑ گیا اور وہ پل سے نیچے آگرا جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

پولیس نے بتایا کہ نوجوان کی فیملی نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کرنے سے انکار کیا ہے۔